بلوچ،سندھی،سرائیکی،پختون،ہزارہ حق مانگیں تو غدار ،چپ رہیں تو محب الوطن ،یہ حب الوطنی کیا ہے ؟ ثاقب ملک

اگر میں بلوچ ہوں ،میرے گاؤں سے گیس پورے ملک کو جا رہی ہے اور میرے گھر میں نہیں ہے ،تو کیا میرا خاموش رہنا حب الوطنی ہے ؟ میں بولتا ہوں تو میرے گھر میں دہشت پھیلا دی جاتی ہے ،میں پھر بھی نہیں مانتا تو مجھے مار پڑوا دی جاتی ہے ،میں ضدی ہوں تو اٹھوا لیا جاؤں گا،مجھ پر تشدد ہو گا ،اگر بچ گیا اور پھر بھی نہ سدھرا تو میری لاش کہیں دور ،کافی عرصے کے بعد جا کر ملے گی .اگر میرا کوئی بھائی ،کوئی بیٹا جس کو نہ تعلیم ملی نہ شعور یا اگر ملا بھی ہوا اور وہ غصے میں میرے قاتلوں کو ڈھونڈھتا ڈھونڈھتا ،میرے قاتلوں کے مخالفین کے ہتھے چڑھ گیا اور انہوں نے اسے تحفظ دیا ،پیسے اور کھانا دیا ،وہ انہی کے کہنے پر چل نکلا اور آج اگر وہ تخریب کار ہے ،آج اگر وہ غدار ہے ،آج اگر وہ دہشتگرد ہے تو اس کا ذمہ دار کون ہے ؟ میں ہوں ؟ جو خاموش رہتا تو پکا،سچا ،کھرا ،محب الوطن پاکستانی کا لقب پاتا ،جو میں بول پڑا تو غدار ہو گیا ،حالانکہ میں تو غداری کا سوچتا بھی نہیں تھا .پھر مجھے مار کر تم نے ایک سچ مچ کا غدار بنا دیا .یا اس غداری کی پروڈکشن فیکٹری کے ذمہ دار تم ہو ؟یا سردار یا وہ میرے قاتلوں کا مخالف جس نے جلتی پر تیل رکھا ؟ جو معصوم اس غدار غدار کے چکر میں مارے گئے وہ اپنا لہو کس کے ہاتھوں پر تلاش کریں ؟ بس وہ پانچ دس لاکھ لے کر اور شہادت کا جھوٹا سرٹیفکیٹ اٹھا کر پوری عمر اپنے زخموں پر ماتم کریں ؟

اگر میں سرائیکی ہوں ،میرے گاؤں کو کوئی پوچھتا نہیں ،سب زور ،سب دولت ،سب انفراسٹرکچر ایک ہی شہر پر لگا دیا جاتا ہے ،میرے گاؤں میں ہسپتال بھی نہیں ہے ،میرے گاؤں میں سکول بھی کھلے چھت کا ہے ،میرے گاؤں میں بلکہ میلوں دور تک ہسپتال نہیں ہے ،میں اس نا انصافی پر بولتا ہوں .مجھے پہلے تو تسلیم ہی نہیں کیا جاتا ،تو سرائیکی ہے ہی نہیں ، .تو چپ کر ،اگر مان بھی لیا جائے تو جواب ملتا ہے پورے ملک میں یہی کچھ ہو رہا ہے انتظار کرو ،یا یہ کہ تمھارے وڈیرے تم سے ووٹ لے کر جاتے ہیں ،انکا قصور ہے ہمارا نہیں .میں سوچتا ہوں کہ میں کیا کروں ؟ اس وڈیرے یا پیر کو ووٹ کیسے نہ دوں جس کی زمینوں سے میرا رزق وابستہ ہے ؟ اس پیر ،اور شاہ کو ووٹ کیسے نہ دوں جس کی زمین پر میری نسلیں پلی بڑھی ہیں ؟ میری مجبوریوں کو کوئی نہیں سمجھتا .مجھے کوئی عزت نہیں دیتا .میں کوٹے کا محتاج ہوں وہاں بھی رشوت اور سفارش ہے .میں باغی ہو جاتا ہوں ، اگر میرا مزاج منتقم ہے تو میں یا تو کسی دہشت گرد تنظیم میں چلا جاتا ہوں یا کسی قوم پرست مسلح گروہ میں ،اگر میرا مزاج سیاسی ہے تو کسی قوم پرست تحریک میں گھس جاتا ہوں ،اگر میرا مزاج پڑھا لکھا ہے تو میں قلم سے کچھ جد و جہد کا آغاز کر دیتا ہوں .مگر یہ کیا مجھے ہر کوئی ہر روپ میں غدار ،ملک دشمن ،پاکستان کا دشمن کہہ رہا ہے ،مجھے پاکستان کے اتحاد کا دشمن کہا جا رہا ہے .کیوں ؟ میں اپنا حق مانگوں تو غدار؟ چپ رہوں تو محب وطن؟
اگر میں سندھی ہوں ،میرے لیڈر مر گئے ،مجھے نہیں پتہ کس نے مارے ،مجھے نہیں پتہ کہ شائد میرے ہی لیڈر نے میرے ہی لیڈر کو مار دیا ،مگر ایک خون تو عدالت نے کیا ،مجھے انصاف نہیں ملا ،میرا زخم تازہ ہے .میں نے مار کھائی میرے بچوں نے مار کھائی.میرا زخم تازہ ہے ،میں نے جیل کاٹی میرا زخم تازہ ہے .پھر میں دیکھتا ہوں ایک اور لیڈر جو پنجابی ہے اسے کوئی کچھ نہیں کہتا ،اسکی پھانسی اسکی سزا بھی ختم ہو جاتی ہے ،چاہے یہ سب کرنے والا سندھی ہو یا بلوچی میرا زخم تازہ ہے ،مجھے انصاف نہیں ملا ،پھر اس پر تم نمک چھڑکتے ہو؟ میں نچلے درجے کی قوم ہوں؟ میں فوج کے قابل نہیں ہوں؟ میں بزدل ہوں؟ چلو میں ہوں مگر مجھے کمتر کیسے سمجھا جا رہا ہے ؟ میرا قصور کیا؟ مجھے تعلیم نہیں ملتی ،مجھے کھانے کو ٹھیک نہیں ملتا ،مجھے صحت کی سہولیات نہیں ملتیں ،مجھ سے باقی بہتر تو ہوں گے ،پھر مجھے الزام کیوں؟ میں جاہل رکھا جا رہا ہوں ،میری نسلیں جاہل رکھی جا رہی ہیں ،میری مدد کرو ،مجھے اپنا ساتھ بٹھاؤ ،کیا میں صرف سندھی لیڈرز کا ہوں؟ کیا میں پاکستانی نہیں ہوں؟ کیا میں کم محبت وطن رکھتا ہوں ؟میرا زخم تازہ ہے .تم اس کو ناسور بنا رہے ہو ؟

اگر میں پختون ہوں .میرے گاؤں سے بجلی پاکستان کو جا رہی ہے اور میرے گھر میں نہیں ہے میں بل نہیں دیتا ،میں چوری کی بجلی لگا لیتا ہوں ،میں آزاد مزاج ہوں ،مجھے پیار سے کہہ دو ،میں مان جاؤں گا ،مجھے ترقی چاہئے مگر میرے خاندان کا دوپٹہ تو نہ چھینو و،میں سادہ ہوں مجھے دل سے لگاؤ ،میرا مذاق نہ اڑاؤ ،میری عزت کرو پھر میرا مذاق اڑاؤ قسم سے برا نہیں مناؤں گا .مگر میرا پانی پورے پاکستان کے کام آئے اور میں ادھر ادھر مزدوری کرتا پھروں؟ کیا میرا کام مزدوری کرنا ہی ہے ؟ مجھے تعلیم کیوں نہیں دی گئی؟ مجھے جاہل کیوں رکھا گیا؟ انگریز نے مجھے آپس میں لڑائے رکھا ،ہم جاہل رہا اور لڑتا رہا ،میرے ملک کے لوگوں نے میری لڑائی کو نہ روکا مجھے جاہل رکھا ،میں لڑتا رہا ،کیوں ؟ کیا میری جہالت پر کسی کو دکھ نہیں ہے ؟ کیا صرف میرا مذاق ہی اڑے گا ؟ کوئی مجھے تعلیم ،صحت اور شعور بھی دے گا ؟ کوئی مجھے استمعال کر کے پھینکنے کے بجائے دل سے لگائے گا ؟ہاں میں پھر بھی محب وطن ہوں کہ میں وعدہ کر بیٹھا ہوں میں وعدے کا پابند ہوں مرے باپ دادا نے اس ملک کے ساتھ اس بابے کے ہاتھ پر وعدہ کر لیا تھا مگر میری نسلیں اب میرے وعدے کی پابند نہیں ہیں .اب میں محب وطن سے غدار بن گیا تو ؟ مجھے کون غدار بنا رہا ہے ؟ مجھے کون مروا رہا ہے؟
اگر میں مہاجر ہوں .مجھے ہمیشہ سے کمتر ہی سمجھا گیا ،مجھے میری رنگت اور بولی دیکھ سن کر مہاجر ہی کہا گیا اب میں خود کو مہاجر کہتا ہوں تو پھر بھی لوگ کہتے ہیں ابھی تک مہاجر ہی ہو؟ بھائی تم نے مجھے پاکستانی بننے ہی نہیں دیا .میں جہاں جاتا ہوں مجھے مہاجر ،بزدل ،ہندو کا بھائی کہتے ہو تو میں کہا جاؤں ؟ میں تو مہاجروں میں ہی جاؤں گا .میں تو ایم کیو ایم میں ہی جاؤں گا .میں کیا کروں؟ جب میرا گھر ایم کیو ایم چلائے گی تو میں اس کے لئے بندوق کیوں نہ اٹھاؤں ؟ اگر نہ اٹھاؤں تو مجھے پولیس پکڑ لیتی ہے ،میں دہشت گرد اور ٹارگٹ کلر تو دونوں صورتوں میں ہی بن جاتا ہوں تو میں مہاجروں کے ساتھ ہی کیوں نہ رہوں؟ مجھے اور کہیں عزت ملتی نہیں مجھے اور کہیں دل سے اچھا سمجھا ہی نہیں جاتا .ہاں میں جب تک پڑھا لکھا صاف ستھرا تھا تب تک مجھے بزدل ،سبزی خور ،ہندو کہتے تھے اب تمہاری طرح میں بھی لڑتا ہوں تو ٹارگٹ کلر ہوں اب کیوں نہیں بزدل کہتے ؟مجھے عزت دو ،منے عزت مانگوں تو غدار نہ بناؤ ، میرے لیڈروں کی مظلومیت پر پر شک کرو ،میرے مظلوم ہونے پر شک نہ کرو ،میں سب کچھ چھوڑ کر محب الوطنی میں آیا تھا مجھے قبول کر لو .

اگر میں ہزارہ ہوں ،میری شکل منگولوں سے ملتی ہے اور میرے باپ دادا کے باپ دادا نے ظلم کئے تھے تو مجھ کو سزا کیوں مل رہی ہے ؟میرا قصور کیا ہے؟ مجھے اپنی شناخت تو دو ،مجھے نفرت کا نشانہ تو نہ بناؤ .میں بھی پاکستانی ہوں میں بھی مسلمان ہوں پھر مجھے علیحدہ کیوں کرتے ہو؟ مجھے اپنی شناخت دے دو اگر میں شناخت نہ
مانگوں مجھے نفرت بھی ملے اور میں پھر بھی چپ رہوں تو کیا تب ہی مجھے محب الوطن مانا جائے گا ؟ اگر میں کشمیر ی ہوں تو میرے پر سیاست نہ کرو ،اگر میں یہ کہوں تو مجھے پرو انڈیا کہہ دیا جاتا ہے .مجھ سے پانی پورے ملک میں جائے ،بجلی بنے مگر مجھے اب بھی پاکستان کا باقاعدہ حصہ نہ بنایا جائے ،کیوں؟ پھر جب میں علیحدہ آزادی کی بات کروں تو مجھ پر الزام دھر دیا جائے .اپنے ساتھ بھی نہیں ملاتے ،علیحدہ بھی نہیں ہونے دیتے ،کچھ تو کرو .میں بھی غدار نہ بن جاؤں اس دن سے ڈرو .
اگر میں عیسائی ،ہندو،سکھ،قادیانی ہوں تو بھائی مجھ پر شک کیوں ؟ میری سات نسلیں پاکستان کی ہیں پھر میں مشکوک کیوں ؟ دو چار نسلوں سے پاکستان رہنے والے محب الوطن کیوں کہ وہ مسلمان ہیں اور میں صدیوں سے یہاں ہوں مگر کلمہ نہیں پڑھتا تو میرے دیس کی محبت تو مجھ سے نہ چھینو .کیا میں انسان بھی نہیں ہوں ؟ کیا میں نے ہمیشہ چوڑا ہی رہنا ہے ؟ کیا میں ہندو ہوں تو کیا انڈیا کا بھی ہوں ؟ یہ ظلم کیوں؟ میرا ہیرو وسیم اکرم ہے ،میانداد ہے ،ٹنڈولکر اور دھونی نہیں پھر مجھ پر شک کیوں؟ میں قادیانی ہوں تو قابل نفرت کیسے ہو گیا؟ مجھے غیر مذہب کا مان کر مجھ سے غیر مذھب والا سلوک کیوں نہیں کرتے ؟ مجھے سے اپنے نبی کی سنت کے مطابق تو سلوک کرو .میرا بچہ تو معصوم ہے اسکو نفرت دے کر کیوں خود سے دور کر دیتے ہو؟ تم کتنے بیوقوف ہو .Punjabi
اگر میں پنجابی ہوں تو کیا میرا کوئی حق نہیں ہے ؟ مجھے پر ہر الزام کیوں؟ میں نے تو سندھی،بلوچی ،سرائیکی،پختون کا حق نہیں مارا.میں نے تو نہیں کہا کہ میرے لئے گیس لاؤ مگر جہاں سے لا رہے ہو وہاں گیس نہ دو یہ میں نے تو نہیں کہا .میں نے تو نہیں کہا کہ مجھے بجلی دو اور جہاں سے بنتی ہے وہاں نہ دو،میں نے تو نہیں کہا کہ تمہارا لیڈر مار دو اور میرا بچا لو .میں تو خود مظلوم ہوں ،میں تو خود جاہل ہوں ،میں تو خود کمزور ہوں ،میں تھانے میں مار کھاتا ہوں ،میں جاگیردار سے مار کھاتا ہوں ،مجھے عزت نہیں ملتی کہ میری ذات اونچی ذات والوں سے کمتر ہے .میں موچی ہوں ،میں چوڑا ہوں ،میں عیسائی ہوں ،میں ہندو ،سکھ ہوں ،میں میراثی ہوں ،میں کمہار ہوں ،میں ڈھیور ہوں ،میں مزدور ہوں .میں کیا کروں ؟ میں محب وطن ہوں کہ میرا دل ہی ایسا ہے .میں نے کسی کو اپنے گاؤں آنے سے نہیں روکا ،میں نے کسی کو اپنے گاؤں سے نہیں نکالا .تم سب میرے ساتھ آؤ کہ ہمارا دشمن ایک ہی ہے وہ نہ پنجابی ہے نہ سندھی ہے ،نہ بلوچی ہے نہ مہاجر ہے نہ کشمیری ہے نہ پختون ہے نہ ہزارہ ہے نہ سرائیکی ہے وہ بس اپنا دوست اور ہمارا دشمن ہے.

.

Advertisements

Leave a Reply

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

You are commenting using your WordPress.com account. Log Out / Change )

Twitter picture

You are commenting using your Twitter account. Log Out / Change )

Facebook photo

You are commenting using your Facebook account. Log Out / Change )

Google+ photo

You are commenting using your Google+ account. Log Out / Change )

Connecting to %s