وزیر اعظم بننے کے بعد عمران خان کا پہلا خطاب .ایک فرضی کالم :ثاقب ملک

عمران خان ،مائیک پر آتے ہیں ،اس دوران پیچھے ،ڈی جے نے ،عطا الله عیسی خیلوی کی آواز میں “بنے گا نیا پاکستان ” کا ترانہ لگایا ہوتا ہے .سٹیج پر عمران خان کے ساتھ ، شاہ محمود قریشی ،جہانگیر ترین،اسد عمر،سیف الله نیازی،علیم خان ،صداقت عباسی ، شیخ رشید ،ڈاکٹر شاہد مسعود ،مبشر لقمان وغیرہ کھڑے ہیں .یاد رہے کہ یہ خطاب پی ٹی وی کے سٹوڈیو میں ہو رہا ہے .عمران کے آنے پر فیصل جاوید ،عمران خان زندہ باد ،پاکستان زندہ باد اور تحریک انصاف زندہ باد کے نعرے لگواتے ہیں .عمران اس دوران چہرے پر دھیمی مسکراہٹ لئے ،ہولے ہولے سر ہلاتے ہوئے شرمائے سے کھڑے رهتے ہیں .جب فیصل جاوید دو تین منٹ تک نعرے ہی لگواتے رهتے ہیں حالانکہ سامنے کوئی بھی موجود نہیں سواۓ کیمرہ مینوں کے تو عمران کے چہرے پر اکتاہٹ کے تاثرات نظر آنا شروع ہو جاتے ہیں .آخر کار عمران کے حوالے مائیک کیا جاتا ہے .اب بیک گراؤنڈ میں ،”اقبال نے خواب دکھایا تھا ،قائد نے اسے بنایا تھا ” لگ جاتا ہے .عمران انتظارکرتے ہوئے جھنجھلاہٹ کا شکار ہو جاتے ہیں اور ہاتھ کے اشارے سے کہتے ہیں کہ بس بند کرو اب .

عمران اپنی تقریر کا آغاز کرتے ہیں .”بسم الله الرحمان الرحیم ، پاکستانیو!!! ایاک نعبدو و ایاک نستعین ،اے الله تیری ہی عبادت کرتے ہیں ،تیرے سے ہی مدد مانگتے ہیں .میرے نوجوانوں ،میرے پاکستانیو ،انسان کے ہاتھ میں صرف کوشش اور نیت ہے ،کامیابی الله دیتا ہے . ہم نے پچیس سال پہلے اپنی تحریک شروع کی ،آج ہم کامیاب ہو گئے ،(پانی لے آؤ گلہ خراب ہونے پر عمران کہتے ہیں )مگر پاکستانیو مجھے تم سے شکایت ہے ،تم بہت سست ہو . تم نے اتنے سال لگا دئے .دیکھو تحریک انصاف کے نوجوانوں ،میری بات سنو ہم نے اس ملک کو بچانا ہے .ہم نے پی پی اور مسلم لیگ کی پارٹنرشپ توڑ دی ہے .ہم نے ایسی ان سوئنگ ماری ہے کہ ایک گیند پر دونوں وکٹیں گرا دیں ہیں . پانچ منٹ اذان اور نماز کا وقفہ .
وقفے کے بعد عمران دوبارہ مائیک پر آتے ہیں .اس دوران شیخ رشید عمران کے کان میں کوئی بات کرتے ہیں جس کو سن کر عمران ہنس پڑتے ہیں .عمران کہتے ہیں” ،ابھی خبر آئی ہے کہ شکست پر نورے نے ،اپنے باورچی کو فارغ کر دیا ہے ،کہ اس نے آج نہاری میں نمک زیادہ ڈال دیا ہے .دیکھو میرے بھائیو ،اب ملک میں صاف نظام آئے گا ،سب کے اثاثے ڈیکلئیر ہوں گے ،تم لیفٹ سائیڈ والے ،تم بیٹھ جاؤ ،بیٹھ جاؤ یا باہر چلے جاؤ ،جہانگیر انکو ہٹاؤ ،عمران کمرے کے کونے میں کھڑے کیمرہ مین کے ساتھ کھڑے لوگوں سے تنگ ہو کر غصے میں کہتے ہیں .جہانگیر ترین جواب دیتے ہیں ” میں ابھی ہیلی کاپٹر پر جا کر انکو ہٹاتا ہوں “.اسی دوران ایک کارکن فون لے کر آتا ہے اور کہتا ہے حسن نثار کا فون ہے .حسن نثار عمران سے کہتے ہیں “اوہ لعنت ہو اس اشرافیہ پر ،تم نے ان سے سب کے منہ پر چپیڑ ماری ہے .میری بات سنو ،دودھ اس ملک کا جعلی ،ڈگریاں جعلی ،عوام جانوروں کی طرح زندگی گزر رہے ہیں پھر شراب پر پابندی کیوں ہے ؟ تم بیلی پور میں تیزاب کا پول بنوایا اور ان لعنتی حکمرانوں کو ڈبکیاں دو تب ہی یہ ملک ٹھیک ہو سکتا ،بھاڑ میں گئی یہ جمہوریت” .عمران سن کر ہوں ہاں کرتے ہیں .
ہم نواز شریف اور زرداری سے کرپشن کا پیسا نکلوائیں گے .اب کوئی نہیں بچے گا .میں کہتا ہوں ،دیکھو زرداری اور نواز ،خود مان جاؤ ہمارے حوالے کر دو لوٹا ہوا مال ورنہ ہم ایکٹ چار کے تحت خود ہی نکلوا لیں گے .اس دوران کوئی کارکن فون لے کر آتا ہے کہ ہارون الرشید کا فون ہے .عمران فون سنتے ہیں ،ہارون الرشید کہتے ہیں ” کپتان ، فسوں خیز سپہ سالار ،صابر کیانی نے مبارک بھیجی ہے .میں اپنے برخوردار ،بلال الرشید سے گنتی سن رہا تھا کہ سپہ سالار کا پیغام آیا کہ میری طرف آتے ہوئے ،گولڈ لیف کی ڈبی لیتے آئے گا .الله کی پناہ ایسے ایسے اجلے لوگ .ہاں عارف نے کہا ہے تمہاری حکومت عوام کی تائید سے بنی ہے ،بے فکر رہو ” عمران جواب میں کہتے ہیں ہارون ابھی میں تقریر کر رہا ہوں بعد میں بات کرتے ہیں .
عمران دوبارہ سے بولنا سٹارٹ کرتے ہیں ” ابھی ایک اور خبر آئے ہے کسی عارف نامی بندے نے کہا کہ ہماری حکومت کامیاب ہو گی “. سٹیج پر کھڑے سب لوگ خوشی سے تالیاں بجاتے ہیں . ہارون الرشید جو ٹی وی پر یہ سن رہے ہوتے ہیں ،میز پر مایوسی سے ہاتھ مارتے ہیں اور کہتے ہیں” یا حسرت العباد ،کپتان سیاسی حرکیات سے نا آشنا ہے .”عمران  خطاب کے دوران کہتے ہیں ” میاں جی ہن سادی واری آ گئی اے “. ہم نوے دن میں کرپشن کا خاتمہ کر دیں گے . اب انصاف ہو گا .،تم بیٹھ جاؤ ،شور نہ کرو تم شور نہ کرو عمران ہاتھ سے کسی کو اشارہ کرتے ہیں ،شور نہ کرو ورنہ میں تقریر نہیں کروں گا .اسی دوران ،عمران کے کان میں ڈاکٹر شاہد مسعود کہتے ہیں “عمران،مجھے با اعتماد سورس سے خبر ملی ہے کہ ٹرپل ون برگیڈ کے ٹائر پالش کئے جا رہے ہیں ،پٹرول ڈلوایا جا رہا ہے .میں ٹرپل ون برگیڈ کی دھمک سن رہا ہوں ،تم بغداد کی گلیوں میں نکل جاؤ ،اب اسٹیبلشمنٹ کچھ نہ کچھ کرنے والی ہے ” .عمران ناظرین سے کہتے ہیں ہم عوام کی حکومت کو نہیں گرنے دیں گے اب سب کا احتساب ہو گا کوئی نہیں بچے گا .اقبال کی تعبیر کے مطابق یہ ملک بنے گا .پاکستانیو تیار ہو جاؤ ،اب ہم چین سے نہیں گے .اب ایک کارکن پھر عمران کے کان میں فون لگا دیتا ہے .جاوید چوہدری کا فون ہوتا ہے وہ کہتے ہیں ” عمران جیتنے کی مبارک ہو لیکن اس سے پہلے میں تمہیں ایک کہانی سناتا ہوں .ایک بینکر تھا اس کے چودہ بیٹے تھے .ایک دن بینکر نے قہقہہ لگایا تو اسکی نکسیر نکل آئی ،اس پر اسکے چودہ بیٹوں نے خوشی سے قہقہے لگا دئے ” عمران پوچھتے ہیں پھر آگے کیا ہوا؟ ” جاوید چوہدری کہتے ہیں ” مجھے نہیں معلوم” تو مجھے یہ کہانی کیوں سنائی ؟،عمران سوال کرتے ہیں ؟ جاوید چوھدری کہتے ہیں ،میں اپنی ریسرچ ٹیم سے پوچھ کر آپکو دوبارہ فون کرتا ہوں .عمران بے زاری سے فون کارکن کی جانب پھینکتے ہیں .
دیکھو ؛لوگو اب نیا پاکستان بنے گا تبدیلی آ گئی ہے .عمران تقریر ختم کرنے کے موڈ میں نظر آتے ہیں تو مبشر لقمان ،ایک کان میں گھس کر بات شروع کر دیتے ہیں اور جہانگیر ترین دوسرے کان میں گھس جاتے ہیں .مبشر لقمان کہتے ہیں ،ریہام خان نے آپکے کتے شیرو کے خلاف پروگرام کر دیا ہے .جہانگیر ترین کہتے ہیں ،عمران میرے اور آپ کے حلقے میں سولہ ہزار ووٹ جعلی نکلے ہیں ،گو کہ ہم جیت گئے ہیں مگر اس پر احتجاج ہونا چاہئے .
عمران خان اب جوش سے بولنا شروع کرتے ہیں ” تحریک انصاف کے ٹائیگرو ،باہر نکل آؤ ،ہمارے خلاف دھاندلی ہوئی ہے .ہمیں ووٹ کم پڑے ہیں .ہم احتجاج کریں گے .ہمیں کسی سے انصاف کی امید نہیں ہے .اس دھاندلی پر بطور وزیر اعظم استعفا دے رہا ہوں .کل سے دھرنا ہو گا .کل پورا پاکستان ڈی چوک پہنچ جائے .وزیر اعظم خود دھرنا دے گا .”
تقریر ختم
اس کالم کا مقصد صرف طنز و مزاح ہے .کسی بھی شخصیت کی توہین و تذلیل مقصود نہیں ہے .عمران خان میری پسندیدہ ترین شخصیات میں سے ہیں صرف انکی اپروچ پر ہلکا سا طنز کیا گیا ہے.

 

Advertisements

Leave a Reply

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

You are commenting using your WordPress.com account. Log Out / Change )

Twitter picture

You are commenting using your Twitter account. Log Out / Change )

Facebook photo

You are commenting using your Facebook account. Log Out / Change )

Google+ photo

You are commenting using your Google+ account. Log Out / Change )

Connecting to %s