محمدعامر کی واپسی پر سابق کھلاڑیوں اور تجزیہ نگاروں کے پیروڈی تبصرے :ثاقب ملک

انضمام الحق
سب سے پہلے بسم الله الرحمان الرحیم ،تھینکس ٹو گاڈ ،آل از دی کریڈٹ گوز ٹو دی بوائز ،اینڈ یس ..جی یہ جو یونگسٹر ہے ،عامر ،ہاں جونسا جو ہے ،عامر اسکو ناں ،اب جو ہے ٹیم میں واپسی ہوئی ہے .دیکھیں جو بھی پاکستان کا نام خراب کرتا ہے ، میں کہتا ہوں جو ہے بھائی ،جونسا آپ جونسا اسکو ٹیم میں واپسی نہ کروائیں .لیکن آل کریڈٹ جو ہے وہ گوز ٹو بورڈ اینڈ دی پی سی بی اینڈ پاکستان کرکٹ بورڈ اینڈ جو بورڈ چلا رہے ہیں ان سب کو ،کہ جو ہے آپ نے ایک یونگسٹر کو ویسٹ نہیں کیا آئی تھنک اب عامر کو جو ہے اپنے کئے کی سزا جو ہے جونسی مل گئی ہے تو اب اسکو دیکھیں اور کھیلنے دیں.مگر ٹیم میں جو ہے اتحاد رہنا چاہئے ،آپ سب کو سمجھا دیں تاکہ جو ہے کوئی پرابلم نہ بنے .
عامر سہیل
بات سمپل سی ہے بورڈ چلانے والے ،سلیکٹر اور مینیجمنٹ سب نا اہل ہے .عامر کے بائیں ہاتھ کی سب سے چھوٹی یعنی چیچی انگلی ،بال کراتے وقت ،ٹیڑھی ہو جاتی ہے اس وجہ سے عامر نے میچ سپاٹ فکس کیا .دوسرا انڈیا والوں نے اوول گراؤنڈ کی پچ کے اندر مقناطیس لگائے ہوئے تھے جب عامر کریز کے قریب پہنچتا تھا تو اسکے بوٹ پر جو لوہا لگا تھا وہ عامر کو کریز سے باہر لے گیا، یوں اس نے نو بال کروا دیں .آپ کے لوگوں کو پتہ ہی نہیں ہے .عامر کو ٹیم میں کیوں ڈالا جائے جب وہ چور ثابت ہو گیا ہے ؟اس نے پیسے لے کر اپنی بائیں ٹانگ پر رکھے تھے ،یہ پکے سپاٹ فکسرز کی نشانی ہے .جس بھی بولر کی کلائیوں پر اور بازو پر بال کم ہوں گے اسکے فکسر ہونے کے چانس زیادہ ہیں ،آپ اسکو ٹیم سے باہر ہی رکھیں تاکہ ٹیم کا ماحول خراب نہ ہو ،آپ حفیظ کو کپتان بنائیں کیونکہ اسکے انگوٹھے کا ناخن بریڈ مین کے ناخن جتنا ہے .

محمد یوسف
یہ سب مصباح کا قصور ہے .مصباح نے آپکی کرکٹ تباہ کر دی ہے .میں نے گھر میں ، سالن کھایا تو اس میں مرچیں زیادہ تھیں ،میں نے بیوی سے پوچھا تو کہتی ہے مصباح بھائی ،نے فون کر کے ڈلوائی ہیں .عامر کو ٹیم میں لائیں مگر مصباح اور آفریدی کو ٹیم سے باہر کریں ،بلکہ ان دونوں کی پچھلے پانچ سال کی ساری پرفارمنس بھی کینسل کر دیں تاکہ ینگسٹرز پر برا اثر نہ پڑے .بلکہ آفریدی تو ہے ہی ٹلہ ،اسکے پچھلے بیس سال کے کیریئر پر بین لگا دیں .جب مجھ پر بین لگ سکتا ہے ،وسیم بھائی جیسے پلئیر پر لگ سکتا ہے تو مصباح آفریدی پر کیوں نہیں ؟.کل سے مجھے چھینکیں آ رہی ہیں ،آج مجھے مصباح کا میسج آیا کہ کل سے تمہیں فون کر رہا تھا بات نہیں ہو سکی .اب میرے زکام کا کون ذمہ دار ہے ؟عامر کی سپاٹ فکسنگ کا بھی مصباح ذمہ دار ہے ،یہ اس وقت ٹیم میں نہیں تھا .یہ کیوں ٹیم سے باہر تھا ؟ یہ کپتان ہوتا تو مصباح اسکو اس وقت اوور ہی نہ دیتا اور نہ نو بال ہوتی .مصباح پر بھی نیشنل ایکشن پلان کے تحت ایکشن لینا چاہئے .اور ہاں یہ حفیظ کی تکنیک اتنی خراب ہے کہ اسکو تو ٹیم سے کیا کرکٹ سے ہی باہر کر دیں ،اسکو اپنے بیٹے کے ساتھ بھی گھر میں کرکٹ نہ کھیلنے دیں .اسکو سٹین کے پاس بھجوا دیں اسکی خدمت کرے گا بس .ویسے بھی ہماری ٹیم میں اب محمد عامر آ گیا ہے .
مرزا اقبال بیگ
ناظرین ،سامعین ،محمد عامر کی ٹیم میں واپسی ہو گئی ہے .مجھے یاد ہے کہ یہ ننھا منها سا لڑکا جب رات کو چار بج کر پینتیس منٹ پر اپنی ماں کی گود میں پیدا ہوا تو اس نے پیدا ہوتے ہی اپنے بائیں ہاتھ سے میری آنکھ میں انگلی ڈالی تھی یہ نشانی تھی کہ یہ بڑا ہو کر کرکٹ میں ملک اور قوم کا نام روشن کرے گا .بچپن سے ہی اسکو کرکٹ کا شوق تھا .تئیس سال اور دو سو پسنٹھ دن کی عمر والے عامر جو گجر خان کے ساتھ ،ایک گاؤں میں پیدا ہوئے ،انکے بالوں کی ایک لٹ کی لمبائی آج سے دو سال قبل ،سوا فٹ تھی ،یہ باتیں انکے ٹیلینٹ کا منہ بولتا ثبوت ہیں .گیارہ سال کی عمر میں عامر کے پیچھے کتا پڑ گیا جس کی وجہ سے عامر کو تیز بھاگنا پڑا اور وہیں سے اسکا رن اپ بھی تیز ہو گیا ،میں نے وہیں پر بیٹھ کر اسکو چودہ کلو میٹر بھاگتے دیکھا .اب عامر کی واپسی پر ٹیم میں چہ مگوئیوں کا سلسلہ جاری ہے .حفیظ اور اظہر اسکی واپسی کے خلاف ہیں .کیونکہ دونوں کا منہ ،پورے ڈیڑھ انچ عامر کے منہ سے بڑا ہے .ناظرین ،سامعین ،کیا عامر واپس آ کر اسی طرح ملک کا نام روشن کر سکے گا جیسے اس نے اوول میں کیا تھا اسکا فیصلہ وقت ،ییحیٰ حسینی ،ماجد بھٹی اور میں کریں گے .

یحییٰ حسینی
ویورز لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عامر کی سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے بعد اب ٹیم میں واپسی ہو چکی ہے .دیکھنا یہ ہے کہ ٹیم کتنی دیر تک متحد رہ سکتی ہے کیونکہ آثار کچھ اچھے نہیں لگ رہے .کوچ وقار یونس جو کہ پہلے ہی انڈر پریشر ہیں انہوں نے عامر کی واپسی کا کڑوا گھونٹ برداشت تو کر لیا ہے مگر وہ دل سے خوش نہیں ہیں .ہم نے انکے دل کا معائینہ کیا تو معلوم ہوا کہ وہ میرے اس پروگرام ،میری شکل اور جیو کے بھی خلاف ہیں .ادھر حفیظ بھی خوش نہیں ہیں .باخبر سورسس کا کہنا ہے کہ حفیظ،دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر عامر کو پکوڑوں میں ممنوعہ دوائی پلانے کا سوچ رہے ہیں .باخبر ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وقار یونس میچ کے دوران کریز چھوٹی کر کے عامر کو بولنگ کروائیں گے تاکہ وہ نو بال کروائیں اور انکی مزید بد نامی ہو .ناظرین ہم آپ تک سچ اور صرف سچ پہنچاتے ہیں .تاکہ پاکستان کرکٹ کی بہتری ہو .ابھی ابھی ایک باخبر ذرائع نے ٹیکسٹ میسج کیا ہے کہ وقار اور حفیظ ،کراچی کی ٹیم میں ہونے کی وجہ سے عامر کی مخالفت کر رہے ہیں .کراچی کے کھلاڑیوں کے ساتھ جان بوجھ کر زیادتی کی جا رہی ہے کراچی کے صحافیوں کے سوالوں کے جوابات نہیں دئے جا رہے ہیں .
شعیب اختر
آپ کے پاس کوئی سو میل کی رفتار والا بولر ہی نہیں ہے .میرے بعد کوئی سو میل والا بولر آیا ہی نہیں آپکے کوپتان کو کپتانی کرنا نہیں آتی ،آپکے کوپتان کو عقل ہی نہیں ہے آپکا پچھلا کوپتان اسکو انگلش ہی نہیں آتی تھی .محمد عامر ٹھیک ہے فکسر ہے ،مگر اسکو اب چانس دیں ،اب آپ کے پاس سو میل والا تو کوئی بولر ہے نہیں جس کو دیکھ کر بیٹسمینوں کی ٹانگیں کانپیں تو عامر کو ڈال ہی لیں ،کچھ تو ٹیلینٹ تو ہے مگر رفتار میری طرح سو میل کی تو نہیں ہے .اب روز روز تو سو میل کے بولر نہیں آتے .آپکا کوپتان پاگل ہے اسے کرکٹ کا کچھ پتہ ہی نہیں .نجم سیٹھی آپکے سارے کام کر رہا ہے ،وہی ،پی ایس ایل کرا رہا ہے وہی کھلاڑیوں کے پیسے دلوا رہا ہے وہی ،میڈیا سے بات کر رہا ہے ،آپکا کوپتان نظر ہی نہیں آ رہا .اور ہاں یوسف جو کہہ رہا ہے ٹھیک کہہ رہا ہے وہ میری سو میل کی رفتار کی بولنگ کھیلا ہوا ہے .بھائی میری کرکٹ بہت چینج ہو گئی ہے ،اب دنیا کے پاس سو میل والا کوئی بولر ہے ہی نہیں ،اب تو آپکو سینہ تان کر بیٹنگ کرنا ہو گی ،مگر آپکا کوپتان ہی بزدل ہے.
اس کالم کا مقصد طنز و مزاح ہے . کسی بھی کھلاڑی یا تجزیہ نگار کی توہین و تذلیل مقصود نہیں ہے.

 

Advertisements

Leave a Reply

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

You are commenting using your WordPress.com account. Log Out / Change )

Twitter picture

You are commenting using your Twitter account. Log Out / Change )

Facebook photo

You are commenting using your Facebook account. Log Out / Change )

Google+ photo

You are commenting using your Google+ account. Log Out / Change )

Connecting to %s