شاہد آفریدی کی بیٹنگ کی ایک فرضی ،پیروڈی روداد :ثاقب ملک

شاہد آفریدی ڈریسنگ روم میں بیٹھے اپنی باری کا انتظار کر رہے تھے .انکی ٹانگیں تیز تیز ہل جل رہی تھیں .آفریدی ،احمد شہزاد کو بلا اکر کہتے ہیں کہ یار ،ذرا میری جرابیں لاؤ ،میں دو دو جوڑے پہن کر بیٹنگ کروں گا .احمد شہزاد فورا بھاگ کر انکے حکم کی تعمیل کرتے ہیں .شاہد آفریدی صلے کے طور پر احمد کو چومی دیتے ہیں .کریز پر حفیظ اور عمر اکمل بیٹنگ کر رہے ہیں کہ تماشائیوں میں سے کوئی ڈیل سٹین کا نام لیتا ہے تو حفیظ فورا آوٹ ہو جاتے ہیں .اب آفریدی کی باری ہے .ڈریسنگ روم میں ایک سنسنی سی دوڑ جاتی ہے .آفریدی جلدی جلدی سے اپنے سر سے دماغ اتار کر ہیلمٹ پہن لیتے ہیں .وہ جب باہر نکلنے لگتے ہیں تو کوچ وقار یونس انہیں کہتے ہیں “ٹیک یور ٹائم” .آفریدی اثبات میں سر ہلا کر کہتے ہیں وقار بھائی آپ فکر ہی نہ کریں .مصباح الحق اپنی بھاری بھر کم آواز میں آفریدی کو سمجھاتے ہیں کہ ابھی بہت اوورز پڑے ہیں آرام سے کھیلنا .اسی طرح فردا فردا تقریباً ہر اہم کھلاڑی ،ٹیم مینجر اور ٹیم کا مساجر بھی آفریدی کو اپنے مشوروں سے نوازتا ہے .آفریدی تمام کے مشورے سن کر ان پر عمل درآمد کے عزم کا اظہار کرتے ہیں .آفریدی گراؤنڈ کی جانب بڑھتے ہیں .پیچھے سے دبی دبی آواز میں ڈریسنگ سے کوئی بولتا ہے “وی سال ہو گئے نے سمجھا سمجھا کہ ،اینوں عقل نہیں آئی “.
آفریدی رسی کراس کر کے گراؤنڈ میں قدم رکھتے ہیں تو انکے ذہن میں کوچ اور کپتان اور انکا اپنا بیٹنگ پلان گھوم رہا ہوتا ہے .وہ کچھ بولرز کواحتیاط سے کھیلنے کا منصوبہ بناتے ہیں .اننگز کے آغاز میں پل شاٹ نہ کھیلنے کا تہیہ کرتے ہیں .پہلے پندرہ بیس گیندیں سنگل ڈبل کرنے کا سوچتے ہیں .لیکن جیسے ہی آفریدی گراؤنڈ میں قدم رکھتے ہیں ،اسٹیدیم ،بوم بوم ،لالہ لالہ کے نعروں سے گونج اٹھتا ہے .ہر کوئی آفریدی کو چھکا مارنے پر اکسا رہا ہوتا ہے . کوئی تماشائی کہتا ہے” لالہ اگر پٹھان کا خون ہے تو پہلی پر چھکا مارنا ہے “.بوم بوم بھائی، میں نے اپنے محلے میں شرط لگائی ہے کہ شاہد بھائی فرسٹ بال پر سکس لگائیں گے ” ایک لڑکی کی آواز میں مطالبہ آفریدی کے کانوں تک پہنچتا ہے .آفریدی دل میں کہتے ہیں میں تمہاری ناک نہیں کٹوانے دوں گا .(چاہے ،پاکستان کی ناک کٹ جائے ) .سارے پلان آفریدی بھول چکے ہوتے ہیں .

آفریدی کریز پر آتے ہیں تو عمر اکمل انکے منہ کے اوپر گھس کر کہتا ہے “شاہد بھائی ،یہ بولر آپکو گالی دے رہے تھا ،اسکو نہیں چھوڑنا ” آفریدی کا خون اور کھولنے لگتا ہے .سٹرائیک پر عمر اکمل ہوتے ہیں .عمر ،ایک چوکا لگاتے ہیں ،سینہ مزید چوڑا کرتے ہیں ،آفریدی کے اوپر چڑھ کر گلوزپہ گلوز مارتے ہیں ،پورے گراؤنڈ میں چاروں طرف فخریہ انداز میں دیکھتے ہیں ، جیسے ایک گیند پر ایک ہزار رنز بنا لئے ہوں اور اگلی بال پر آوٹ ہو جاتے ہیں .آوٹ ہونے پر انکی مایوسی اتنی زیادہ ہوتی ہے جیسی یہ فرشتوں نے سازش کر کے عمر اکمل کی قسمت چینج کر کے انہیں آوٹ کروایا ہے .اگلے بلے باز شعیب ملک ہیں .ملک آفریدی کے قریب آتے ہیں تو آفریدی انہیں سمجھداری سے بیٹنگ کا مشورہ دیتے ہیں .ملک اپنی دوسری گیند پر خوب صورت چوکا لگاتے ہیں تو آفریدی انہیں کہتے ہیں “ملک ہیلمٹ اتار ” شعیب ملک سوال کرتے ہیں ” کیوں لالہ کیا ہوا ہے ” آفریدی جواب دیتے ہیں اتنا پیارا چوکا مارا ہے میں تجھے چومی دوں گا .” ملک ہنستے ہوے کہتے ہیں “لالہ کہیں احمد ناراض تو نہیں ہو گا ؟ ” آفریدی بھی قہقہہ مار کر کہتے ہیں ” چھوٹا بھائی ہے میرا احمد کیوں ناراض ہو گا ؟”.ملک اب کہتے ہیں یار لالہ جتنا پیار تم مجھ سے کرتے ہو اتنا پیار تو ثانیہ بھی مجھ سے نہیں کرتی ” .آفریدی کہتے ہیں “ملک میں تیرا بڑا بھائی ہوں ،ثانیہ کون سی تیرا بڑا بھائی ہے ؟ ” ملک فورا جواب دیتے ہیں ” لیکن لالہ وہ ڈانٹتی تو بڑے بھائی کی طرح ہی ہے ” .آفریدی جواب میں ہنس کر کہتے ہیں اسکی بات مانا کر وہ دنیا میں ہر جگہ پرفارم کرتی ہے اور تو صرف ایشیا میں چلتا ہے ” اس پر ملک آفریدی کو ایک گھوری دیتے ہیں .
اب آفریدی سٹرائیک پر آتے ہیں . پورا گراؤنڈ اور ٹیلی ویژن کے سامنے بیٹھے لاکھوں لوگ اٹینشن ہو جاتے ہیں . توقعات اور خدشات ،ذہن پر ہتھوڑے کی طرح برسنے لگتے ہیں .بولر عرفان پٹھان ہیں .وہ آفریدی کو ایک باؤنسر کرتے ہیں جو آفریدی کے بلے پر نہیں آتا . آفریدی گیند مس ہونے پر دو چار گالیاں اپنے آپ کو اور بولر کو دیتے ہیں .عرفان پٹھان کہتے ہیں “لالے تیری بیٹنگ ختم ہو گئی ہے اب تمہاری کوئی پرفارمنس نہیں ہے ” آفریدی جواب میں کہتے ہیں ” یہ بات کرتے ہوئے تمہاری پرفارمنس اچھی نہیں ہے ” .اور ساتھ ہی عرفان پٹھان کو ہوائی بوسہ بھی دیتے ہیں عرفان پٹھان کہتا ہے “لالہ میں شعیب ملک نہیں ہوں ” آفریدی جواب میں مسکراتے ہوئے میں کہتے ہیں ،” مجھے تم سے ایسی ہی گھٹیا بات کی توقع تھی “.عرفان دوبارہ اپنے رن اپ کی جانب چل پڑتے ہیں .

اگلی گیند آفریدی کے منہ کے سامنے پڑتی ہے آفریدی اسکو اٹھا کر تماشائیوں میں پھینک دیتے ہیں .آفریدی ،اچھلنے کے انداز میں چلتے ہوئے شعیب ملک کے پاس جاتے ہیں اور اسے تیز تیز لہجے میں کچھ سمجھانے لگ جاتے ہیں .ملک ساری بات سنتے ہیں اور دل میں کہتے ہیں ،ہر کوئی ہی میرے لئے ثانیہ مرزا بنا ہوا ہے .آفریدی اب اگلی گیند کھیلنے کیلئے تیار ہوتے ہیں .اب لاکھوں تماشائیوں ،ڈریسنگ روم میں موجود کھلاڑیوں ،کپتان اور کوچز،آفریدی کی اپنی بیٹیوں سمیت گھر والے اسی خدشے کا شکار ہوتے ہیں کہ اب آفریدی کہیں گیند آسمان پر نہ چڑھا دے .عرفان پٹھان کو بھی خوب معلوم ہوتا ہے کہ اب آفریدی ایک اور چھکے کی کوشش کرے گا .عرفان پٹھان  سلوئر گیند کرتے ہیں آفریدی کا سر آسمان کی جانب ہوتا ہے اور وہ اپنی پوری توانائی سے بیٹ گھما دیتے ہیں .گیند آسمانوں کی بلندیوں پر چڑھ جاتی ہے اس دوران آفریدی پہلے سے ہی ایڈوانس ڈریسنگ روم میں واپسی کیلئے قدم بڑھا دیتے ہیں .کیچ ہو جاتا ہے اور آفریدی ،لاکھوں لوگوں کے خدشات کے عین مطابق لاکھویں دفع ایک ہی انداز میں آوٹ ہو کر چل پڑتے ہیں .وہ تماشائی جو آفریدی کو پہلی ہی گیند پر بولر کو اڑا دینے اور چھکے لگانے کی ترغیب دے رہے ہوتے تھے اب مایوسی کے عالم میں کہہ رہے ہوتے ہیں کہ اس آفریدی کو بیس سال ہو گئے ہیں بیٹنگ کرنا نہیں آئی .
آفریدی ،ڈریسنگ روم میں جا کر بیٹھتے ہیں .احمد شہزاد بھاگ کر انکے لئے پانی لاتے ہیں .آفریدی پانی کا گلاس ہاتھ میں پکڑتے ہیں کہ سامنے ٹی وی پر محمد یوسف اور شعیب اختر براہ راست تبصرہ کرتے نظر آتے ہیں ،اور آفریدی کے آوٹ ہونے اور اسکے آوٹ ہونے کے انداز پر بات کر رہے ہوتے ہیں ،آفریدی کے کان میں دو جملے پڑتے ہیں ،یوسف کہہ رہے ہوتے ہیں ” یہ تو ہے ہی ٹلہ ” اور شعیب کہہ رہے ہوتے ہیں “اسکا دماغ جو ماشاللہ ہے ،کوپتان …..” آفریدی غصے سے کہتے ہیں بند کرو یاجوج ماجوج کے تبصرے کو.

 

Advertisements

One thought on “شاہد آفریدی کی بیٹنگ کی ایک فرضی ،پیروڈی روداد :ثاقب ملک

  1. Pingback: شاہد آفریدی کی بلے بازی کی فرضی روداد | Laaltain

Leave a Reply

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

You are commenting using your WordPress.com account. Log Out / Change )

Twitter picture

You are commenting using your Twitter account. Log Out / Change )

Facebook photo

You are commenting using your Facebook account. Log Out / Change )

Google+ photo

You are commenting using your Google+ account. Log Out / Change )

Connecting to %s